غیض و غضب کو کم کرنے کے ضمن میں سیسی کی قبطی پوپ سے ملاقات
مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کے بارے میں صدارتی عہد کے چند گھنٹے بعد دوسرے خودکش حملہ آور کی شناخت قاہرہ: محمد عبده حسنين مصر کے صدر عبد الفتاح سیسی نے قاہرہ کے بطریرکیہ قبطی چرچ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے پوپ تواضروس دوم سے چند روز پہلے دو گرجا گھروں کو […]
مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کے بارے میں صدارتی عہد کے چند گھنٹے بعد دوسرے خودکش حملہ آور کی شناخت

قاہرہ: محمد عبده حسنين
مصر کے صدر عبد الفتاح سیسی نے قاہرہ کے بطریرکیہ قبطی چرچ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے پوپ تواضروس دوم سے چند روز پہلے دو گرجا گھروں کو دو مختلف دھماکوں میں نشانہ بنانے جانے کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی تعزیت کی اور انہوں نے مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی بھرپور کوشش کا عہد کیا۔ صدر کا یہ بیان طنطا کے میری گرگس چرچ پر خوکش حملہ کرنے والے کی شناخت کے بارے میں وزارت داخلہ کے اعلان سے قبل تھا۔
معلوم ہوتا ہے کہ سیسی کا یہ دورہ ان دو دھماکوں کے بعد قبطیوں میں پائے جانے والے غصے کی لہر کو کم کرنے کے ضمن میں تھا، جن دھماکوں کی ذمہ داری "داعش” نے قبول کی ہے اور ان میں 45 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ جبکہ پوپ (تواضروس) نے اس کے بعد اپنی رہائش وادی نطرون کے علاقے ادیرہ میں منتقل کر لی تھی جو کہ پادریوں کی مشہور "سیاسی اعتکاف گاہ” ہے۔ اس کے علاوہ چرچ نے آئندہ اتوار کے روز ہونے والی ایسٹر کی تقریبات کو منسوخ کرتے ہوئے اسے صرف پادریوں کی سطح تک محدود کر دیا تھا۔
تاہم، پوپ صدر کا واضح خیر مقدم کرنے کی خاطر اپنا "اعتکاف” توڑتے ہوئےقاہرہ میں بطریرکیہ کے دفتر واپس لوٹے۔ اس دوران وزیر دفاع کرنل جنرل صدقی صبحی، چیف آف آرمی سٹاف محمود حجازی اور مسلح افواج کے سینئر کمانڈروں کی ایک بڑی تعداد نے پوپ تواضروس سے دھماکوں کے متاثرین پر تعزیت کا اظہار کیا۔ سیسی نے پوپ سے کہا کہ "ریاست، اس قسم کی قبیح حرکات کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی حتی المقدور کوشش کرے گی اور ان میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے لئے جلد از جلد کٹہرے میں پیش کرے گی”۔ صدر نے مسلح افواج اور گرجا گھروں کی بحالی اور عبادت کرنے والوں پر ان کے سامنے دروازے دوبارہ کھولنے کا حکم دیا۔